افغانستان میں تشدد کے واقعات میں مزید دو نیٹو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ جنوبی صوبہ ہلمند میں برطانوی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ مذکورہ فوجی ایک چیک پوسٹ پر فرائض انجام دے رہا تھا کہ اس دوران مزاحمت کاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ اکتوبر 2001سے افغانستان میں اب تک ہلاک ہونے والے برطانوی فوجیوں کی تعداد 383 ہو گئی ہے۔ اس سال افغانستان میں اب تک برطانیہ کے 35 فوجی مارے جا چکے ہیں۔ دریں اثناایسٹونیا کی وزارت دفاع نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ افغانستان کے جنوب میں ایک مسلح حملے میں زخمی ہونے والا ایسٹونیا کا ایک فوجی انتقال کر گیا ہے۔ اس فوجی کی ہلاکت کے ساتھ افغانستان میں اب تک مارے جانے والے ایسٹونیا کے فوجیوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔