جرمنی کے صدر کرسٹین ویلف اتوار کو افغانستان کے غیر اعلانیہ دورے پر کابل پہنچے ہیں جہاں وہ اپنے افغان ہم منصب حامد کرزئی سے بات چیت کریں گے۔ کسی بھی جرمن صدر کا چوالیس سالوں میں افغانستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اپنی آمد کے بعد ایک بیان میں جرمن رہنما کا کہنا تھا کہ ان کا ملک 2014 میں بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد بھی افغانستان کا دوست اور اتحادی رہے گا۔جرمنی پانچ دسمبر کو بون میں افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا اور صدر ویلف کی افغان ہم منصب سے ملاقات اسی سلسلے کی کڑی ہے۔افغانستان میں قیام کے دوران جرمنی کے صدر انسانی حقوق کی علمبردار مقامی تنظمیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔اس وقت پانچ ہزار جرمن فوجی افغانستان میں بین الاقوامی افواج کے ساتھ مل کر جنگ سے تباہ حال اس ملک میں امن واستحکام کی بحالی کی کوششوں میں حصہ لے رہے ہیں۔