امریکا میں سماجی نا انصافی اور معاشی نا ہمواری کے خلاف احتجاج چوتھے ہفتے میں داخل ہو گیا، جبکہ یورپ میں سرمایہ دارانہ نظام کیخلاف مظاہرے اور گھیرا تیسرے روز بھی جاری رہے۔ امریکی شہر نیویارک میں وال اسٹریٹ کے باہر سیکڑوں مظاہرین چوتھے ہفتے بھی احتجاج کرتے رہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ کارپوریٹ لالچ ختم کرکے چھوٹی کمپنیوں کو پھلنے پھولنے کا موقعہ دیا جائے۔ اور حکومت جنگوں پر خرچ آنے والی رقم ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خرچ کرے۔ ادھر وال اسٹریٹ مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیلئے یورپ میں شروع کئے گئے مظاہرے تیسرے روز بھی جاری رہے۔ لندن سے فرانکفرٹ اور میڈرڈ سے ایمسٹرڈم تک ہزاروں مظاہرین نے مالی پالیسیوں کیخلاف احتجاج کیا۔