برطانیہ نے لیبیا کے ہمسایہ ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی عدالت انصاف کو مطلوب معمر قذافی کے ساتھیوں اور قریبی رشتے داروں کو پناہ نہ دیں۔ برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں برطانوی خبررساں ادارے کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ لیبیا کے ہمسایہ اور دیگر افریقی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی مطلوب شخص کو فوری طور پر بین الاقوامی عدالت انصاف یا لیبیا کے حکام کے حوالے کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک ایسے افراد کی نشاندہی اور حوالگی میں تعاون کرے گا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کی حکومت نے اس مقصد کیلئے نائیجیر اور برکینافاسو میں خصوصی نمائندوں کا تقرر کیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ انہیں ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ معمر قذافی کس جگہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بعض افریقی ممالک نے انہیں اس سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔