ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 27 رنز بنا لیے ۔ اس سے قبل پاکستانی بالرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو 197 رنز تک محدود رکھا ۔ پاکستانی فاسٹ بالرز جنید خان نے محض 38 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔ ابو ظہبی کے شیخ اسٹیڈیم میں پاکستان کے قائد مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا۔اڑتالیس کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو پہلی کامیابی ملی جس کے بعد سری لنکن بیٹنگ لائن کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور ایک سو چودہ کے مجموعے تک سات بلے باز پولین لوٹ چکے تھے۔ ان حالات میں انجیلو میتھیوز نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم ان کا ساتھ کوئی بھی بلے باز نہ دے سکا اور 197 کی اسکور پر پوری ٹیم آوٹ ہو گئی۔ انجیلو میتھیوز نے سب سے زیادہ 52 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے ، ان کے علاوہ تھارنگا پراناویتانا 37 اورمہیلا جے وردھنے 28 رنز کے ساتھ نمایا رہے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور 38 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ عمر گل اور سعید اجمل نے دو ، دو جبکہ اعزاز چیمہ نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ محمد حفیظ کے حصے میں کوئی وکٹ نہ آ سکی۔جواب میں پاکستان نے پہلے روز کے اختتام تک پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 27 رنز بنا لیے ۔ محمد حفیظ سترہ اور توفیق عمر آٹھ رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں