سپریم کورٹ نے پنجاب پائلٹ پراجیکٹ کالجز کی اساتذہ کی تنخواہوں سے متعلق عدالت میں پیش کی جانے والی تضاد پر مبنی رپورٹ پر دو ہفتوں کے اندر انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ پائلٹ پراجکٹ کے چھبیس کالجز کے اساتذہ کی جولائی اگست کی تنخواہوں کا کوئی ایشو نہیں ہے۔ کالجز کے اساتذہ کے چھ ماہ کی تنخواہ کے متعلق شائع ہونے والی خبر جھوٹ پر مبنی تھی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کل عدالت کے سامنے ڈپٹی سیکرٹری فنانس ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے عدالت کے سامنے غلط حقائق پیش کئے۔ چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اگر آپ کی رپورٹ درست ہیں تو کل عدالت میں کیوں کہا گیا کہ پائلٹ پراجکٹ اساتذہ کو تنخواہیں ادا کردی جائیں گی۔