وسطی امریکہ میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں مختلف ملکوں میں مجموعی طور پر 70 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایل سلواڈور میں کئی مکانات تودوں کے نیچے دب گئے جس سے کم از کم 27افراد مارے گئے۔ ادھر گوئٹے مالا میں صدر الوارو کولوم نے پورے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔ وہاں بھی بہت برے موسمی حالات کی بنا پر کم از کم 28 افراد کی جان جا چکی ہے۔ ہنڈوراس میں 12 افراد کی موت کی تصدیق کر دی گئی ہے جبکہ ہزاروں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑ گیا۔ نکاراگوا میں، جہاں بارشوں کی شدت اب کچھ کم ہو گئی ہے، اب تک سات شہری ہلاک ہو چکے ہیں،ان ممالک کے حکام کا کہنا ہے کہ تباہ کن موسمی حالات کے باعث شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور کئی علاقے زیر آب آ چکے ہیں جس سے مواصلات اور برقیات کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے ۔متاثرین کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کرنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔