مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پہلو میں اشک بار آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر مملکت و شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور پارٹی کے دیگر رہنماں اور کارکنوں نے ان کا جسد خاکی لحد میں اتارا۔ چھ بج کربیس منٹ پر نصرت بھٹو کے جسد خاکی کو لحد میں اتارا گیا۔ گڑھی خدا بخش میں بھٹو خاندان کے آبائی قبرستان میں ان کی لحد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پہلو میں تیار کی گئی۔ ان کی نماز جناہ نوڈیرو ہاس میں ادا کی گئی۔ مفتی عبدالرحیم قندھاری نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ نماز جنازہ میں صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، وزیر داخلہ رحمن ملک، بابر اعوان، جہانگیر بدر، سید خورشید شاہ، سید نوید قمر، امتیاز صفدر وڑائچ، فرحت اللہ بابر، راجہ پرویز اشرف، فیصل کریم کنڈی، نثار کھہڑو، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، زمرد خان، نذر محمد گوندل سمیت مختلف وفاقی و صوبائی وزرا، پیپلزپارٹی کے رہنماں اور بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ سید غوث علی شاہ، اقبال ظفر جھگڑا، ڈاکٹر فاروق ستار، وسیم اختر اور دیگر سیاسی جماعتوں کے مختلف رہنماں نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کر کے اپنی جماعتوں کی نمائندگی کی۔ نماز جنازہ کے بعد وزیراعظم نے صدر سے تعزیت کی جس کے بعد مختلف سیاسی رہنما اور کارکن صدر سے تعزیت کرتے رہے۔ جنازہ گاہ سے نصرت بھٹو کا جسد خاکی کو ایمبولینس کے ذریعے تدفین کیلئے گڑھی خدا بخش روانہ کیا گیا۔ نوڈیرو میں پاکستان کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے پیپلزپارٹی کے کارکن ہزاروں کی تعداد میں موجود تھے جبکہ قافلوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری تھا۔ اس موقع پر ہر دل غمزہ اور ہر آنکھ اشک بار تھی۔ قبل ازیں سندھ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سکھر ایئرپورٹ پر مادر جمہوریت کے جسد خاکی کو وطن لائے جانے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ان کی بیٹی صنم بھٹو، بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری میت کے ہمراہ تھے۔ دبئی سے بیگم نصرت بھٹو کا جسد خاکی لے کر خصوصی طیارہ 3 بج کر 10 منٹ پر سکھر پہنچا۔ سکھر سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے 4 بج کر 19 منٹ پر منٹ پر بیگم نصرت بھٹو کے میت کو نوڈیرو لے جایا گیا۔ ان کے جسد خاکی کو 5 بج کر 38 منٹ پر جنازہ گاہ میں لایا گیا تھا جبکہ ان کی نماز جنازہ نوڈیرو ہاس میں 5 بج کر 43 منٹ پر ادا کی گئی اور 6 بج کر 20 منٹ پر نصرت بھٹو کے جسد خاکی کو لحد میں اتارا گیا۔ اس موقع پر سکھر ایئرپورٹ، نوڈیرو ہاس اور گڑھی خدا بخش میں سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔ واضح رہے کہ بیگم نصرت بھٹو طویل علالت کے بعد اتوار کو دبئی میں انتقال کر گئی تھیں۔ وفاقی حکومت نے پورے ملک میں ان کے انتقال پر 10 روزہ سوگ اور پیر کے روز عام تعطیل کا اعلان کیا۔ دریں اثنا ملک بھر میں بیگم نصرت بھٹو کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی اور ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔