ترک فوج کرد باغیوں کے خلاف کارروائی کے لئے عراقی سرحد میں داخل ہو گئی۔ 20 ٹینکوں اور 30 ٹرکوں پر مشتمل فوجی قافلہ منگل کے روز سیاخیاگاں سے عراقی سرحد عبور کر کے حافتانین ویلی میں داخل ہو گیا جبکہ ترک فوج نے جنگی طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے باغیوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی۔ ترک حکام کا کہنا ہے کہ فوج کا عراقی حدود میں داخلے کا مقصد عراقی سرحدی علاقے میں چھپے ان کرد باغیوں کا خاتمہ کرنا ہے جو سرحد پار سے فوج پر حملے کرتے ہیں۔ ان باغیوں کی تعداد 400سے زائد ہے۔ واضح رہے کہ ترکی کی جانب سے سرحد پاررروائی کا فیصلہ گزشتہ ہفتے عراقی سرحد سے ملحقہ علاقے میں کرد باغیوں کی جانب سے ترک فوج پر حملے کے بعد کیا گیا۔ اس حملے میں ترکی کے 24 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ 1999 کے بعد ترک فوج کا کسی حملے میں یہ اب تک کا سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔