بنکاک سے شہریوں کی محفوظ مقامات کی طرف منتقلی

thailand floods

thailand floods

تھائی لینڈ میں حکام کے اس انتباہ کے بعد کہ سیلابی ریلا بہت جلد دارالحکومت بنکاک میں داخل ہو جائے گا، مقامی افراد نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ اس صورت حال کے تناظر میں حکومت جمعرات سے پانچ روزہ خصوصی تعطیلات کا اعلان بھی کر چکی ہے۔بنکاک کو شہر کے جنوب میں واقع علاقوں سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر گاڑیوں کا رش ہے اور بیشتر لوگوں کا رخ ساحلی قصبے پٹایا کی جانب ہے۔ٹی وی پر نشر ہونے والے مناظر میں بنکاک کے مرکزی ہوائی اڈے پر بھی مسافروں کا ہجوم دیکھائی دیا۔ شہر کا پرانا ہوائی اڈہ منگل کو سیلاب کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق دارالحکومت میں قائم بینکوں اور مالیاتی اداروں میں جمعرات سے پیر تک کام جاری رہے گا، جب کہ توقع ہے کہ شہر میں دکانیں بھی کھلی رہیں گی۔جولائی کے وسط سے جاری شدید بارشوں کے باعث تھائی لینڈ کو گزشتہ 50 سالوں میں بدترین سیلاب کا سامنا ہے جس سے اب تک 25 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ سیلاب سے ملک کے شمالی اور وسطی صوبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جو اپنی صنعتوں کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتے ہیں۔