انقرہ : ترکی میں زلزلے سے ہلاک افراد کی تعداد پانچ سو پچاس ہو گئی۔ آج ملبے سے تیرہ سالہ نوجوان ایک سو آٹھ گھنٹے بعد زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔ جب کہ برف باری کی پیش گوئی نے متاثرین کو مزید خوف میں مبتلا کردیا ہے۔ ترکی میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں ہرگزرتے دن اضافہ ہورہا ہے۔ اب حکام نے پانچ سو پچاس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ دو ہزار تین سو زخمی ہیں جبکہ ایک سو ستاسی افراد کو بچالیا گیا ہے۔ دو ہزارعمارات تباہ ہوئی ہیں۔ تین ہزار سات سو مکانات کو دوبارہ رہائش کیلئے نا مناسب قرار دیا گیا۔ صوبہ وین کے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی تلاش کا آپریشن ختم کردیا گیا۔ عمارتوں کے ملبے سے دو بہنوں، والدین اور ایک بچے کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بین الاقوامی امداد جاری ہے۔ برطانیہ ایک ہزار خیمے بھیج رہا ہے جب کہ روس، رومانیہ اور یوکرین کی امداد بھی ترکی پہنچ گئی ہے۔ جاپانی کارکن امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ سعودی عرب نے ترکی کیلئے پچاس ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ امدادی کارروائیوں کے باوجود متعدد متاثرین بے یار و مددگار ہیں۔ محکمہ موسمیات نے تین روز میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ جس سے زلزلہ زدہ علاقے میں مقیم متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوجائے گا۔ اتوار کو سات اعشاریہ دو شدت کے زلزلے سے صوبہ وین میں جانی و مالی نقصان ہوا تھا۔