امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے کہا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے پاکستان کو افغانستان میں جاری مصالحتی عمل میں اہم کردار سونپنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دفتر خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مدد کے بغیر افغانستان میں امن کا قیام ممکن نہیں ،انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ امریکا امن معاہدے کو محفوظ بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔وکٹوریہ نولینڈ کا کہناتھاکہ افغان مصالحتی عمل میں واشنگٹن اور اسلام آباد کی مدد ناگزیر ہے، امریکا کی تمام تر توجہ اس بات پر ہے کہ ان ممالک میں امن عمل کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان کے زیر قیادت مذاکرات کی حمایت کرتا ہے پاکستان کو بھی مفاہمت کے حامی طالبان کے ساتھ مذاکرات کے واضح اشارے دیئے گئے ہیں۔