ملک میں سیاسی موسم کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔ رحمان ملک

Rehman Malik

Rehman Malik

لاہور: وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ملک کے سیاسی موسم میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ دستور کے مطابق وزرائے اعلی کو صدر کے عہدے کا احترام کرنا چاہئے۔ وہ لاہور میں مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر حاضری اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اداروں کو تنقید کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ عوام کے مینڈیٹ اور آئینی عہدوں کا احترام سب پر لازم ہے۔ اگر کسی کو شکایت ہے تو وہ پارلیمنٹ میں آکر بات کرے۔
رحمان ملک نے کہا کہ لاہور کا موسم اور لوگ اچھے ہیں ملک کے سیاسی موسم میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر دو سال بعد کھیلوں گا نہ کھیلنے دوں گا کی پالیسی اختیار کرنا اچھی بات نہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ اس وقت ملک کو یکجہتی اور اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔اقبال کی فکر کے مطابق اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔