حیدر آباد : سابق رکن قومی اسمبلی ماروی میمن نے کہا ہے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا، پارلیمنٹ میں موجود سیاسی جماعتیں مفاہمت کے نام پر مفادات کی سیاست کر رہی ہیں۔حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو عوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں۔ ملک میں بے روزگاری، بدامنی، کرپشن اورلوٹ مار کی انتہا ہوگئی ہے۔ پاکستان اقتصادی طور پر دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کمشنری نظام کے حق میں ہیں۔ لہذا بلدیاتی نظام کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے عوام کی خواہشات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ ماروی میمن نے کہا کہ وہ تیرہ نومبر کو بھٹ شاہ میں عوامی کچہری اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کررہی ہیں۔ اس کے بعد وہ دیگر صوبوں میں بھی عوامی مسائل پر ان سے براہ راست ڈائیلاگ کریں گی۔