وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل ڈاکٹر عاصم حسین نے موجوہ جمہوری حکومت کے دور میں گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں قدرتی گیس کی قلت کے باعث موسم سرما میں بعض مشکلات کا سامنا ہوگا لیکن آئندہ برس گیس کی قلت پر بڑی حد تک قابو پا لیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ک ہ حکومت مت کوشش کررہی ہے کہ دستیاب گیس کی مساوی تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ حکومت ملک میں گیس کی پیداوار میں اضافے اور مختلف بیرونی ذرائع سے گیس کے حصول پر کام کررہی ہے ، آئندہ برس کے آغاز پر گیس کی قلت پر بڑی حد تک قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے دوران سی این جی سٹیشنوں کو ہفتے میں تین دن گیس کی فراہمی بند رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پر کام کافی حد تک مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبے ، اس کے سروے اور ڈیزائن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک ایران تیل وگیس ٹرمینل پر کام آخری مراحل میں ہے اور دسمبر میں یہ ٹرمینل کام شروع کرے گا۔