گورنر لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کا صرف پیپلز پارٹی کو موردالزام نہیں ٹھہرانا چاہیے، حالات کی ذمہ دار تمام جماعتیں ہیں۔ لاہور چیمبر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ تمام بڑی جماعتیں اقتدار میں موجود ہیں، حالات کی ذمہ داری ان پر بھی عائد ہوتی ہے۔ سپریم کورٹ سمیت ہر ادارہ جمہوریت کا حامی ہے، عدالت عظمی کے فیصلہ کے بعد اب مارشل لا کا دروازہ بند ہو چکا ہے۔ گورنر لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں توانائی بحران کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے کیونکہ اٹھارویں ترمیم کے تحت بجلی گیس پیدا کرنے کا اختیار صوبوں کو دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک صوبہ کا سربراہ منتخب صدر کے خلاف غلط زبان استعمال کررہا ہے۔ ایسا دنیا میں کہیں بھی نہیں دیکھا گیا الزامات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اور قوم کو مل کر بحرانوں سے نکالنا ہو گا۔