پی پی کا ذوالفقار مرزا سے لاتعلقی کا اظہار

Pakistan Peoples Party

Pakistan Peoples Party

کراچی : پیپلز پارٹی نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سے اظہار لاتعلقی کا اعلان کر دیا جبکہ ان کے قریبی ساتھی امداد پتافی کی رکنیت معطل کر دی گئی، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے ساتھ لندن جانے پر شرجیل میمن کی صدر زرداری کے سامنے پیشی ہو گی۔ آخر ایم کیو ایم کا احتجاج رنگ لے آیا اور وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر کی حیثیت سے کارروائی کرتے ہوئے اپنے اراکین صوبائی اسمبلی کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کردیا۔ ذوالفقارمرزا سے تو وہ پہلے ہی اظہارلاتعلقی کرچکے ہیں اور آج ایک بارپھر انہوں نے برملا اس بات کا اظہارکیا کہ سابق وزیرداخلہ کا اب پیپلزپارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔
ایم کیو ایم نے ذوالفقارمرزا کے ہمراہ شرجیل میمن کے لندن جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔ وزیراعلی سندھ کا اس معاملے پر کہنا تھا کہ شرجیل میمن کو واپس بلالیا گیا ہے۔ چوں کہ وہ وزیرہیں اس لیے ان کی پیشی صدر زرداری کے سامنے ہوگئی اس لیے وہ ہی ان کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کریں گے ذوالفقارمرزا ہی کے ہمراہ لندن جانے والے پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی بھی تادیبی کارروائی سے نہ بچ سکے۔ قائم علی شاہ نے امداد پتافی کے لندن جانے پر ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔وزیراعلی سندھ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ پیپلزپارٹی صوبے میں آئندہ الیکشن ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر لڑے گی۔