جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ کم کوان جین نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے کسی بھی اشتعال انگیز اقدام پر سخت جوابی کارروائی کی جائے گی۔ شمالی کوریا کی طرف سے سرحدی جزیرہ پر بمباری کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جنوبی کوریا کی مسلح افواج کو حکم دیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کی طرف سے کسی بھی اچانک حملے پر سخت جوابی کارروائی کیلئے ہروقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی مسلح افواج شمالی کوریا کے گزشتہ سال کے اقدام پر اب بھی شدید غصہ میں ہیں اور ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئندہ ایسے کسی اقدام کی صورت میں فوری اور سخت جوابی کارروائی کیلئے تیارر ہیں۔ دریں اثنا جنوبی کوریا کے خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کی سرحد سے ملحقہ علاقے میں درجنوں توپیں نصب کر دی ہیں، 76.2 ملی میٹر دہانے کی بیرل والی ان توپوں کی رینج 12 کلومیٹر ہے۔