مائیک مولن کو بھیجے گئے خفیہ میمو پر تنقید کا شکار امریکا میں پاکستانی سفیر حسین حقانی بالآخر پاکستان پہنچ گئے، اسلام آباد آمد کے فوری بعد انھوں نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کی، اور ابتدائی طور پر اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر حسین حقانی ایوان صدر ہی میں قیام کریں گے۔ حسین حقانی آج عسکری قیادت اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور خفیہ میمو اسکینڈل پر اپنی پوزیشن واضح کریں گے۔ ا س سے پہلے جب حسین حقانی اسلام آباد کے بینظیر ایئرپورٹ پر پہنچے تو انھیں مکمل سیکیورٹی اور پروٹوکول کے ساتھ عقبی راستے سے ایوان صدر روانہ کر دیا گیا جہاں انھوں نے صدر آصف زرداری سے ون آن ون ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق حسین حقانی اپنے موقف پرقائم رہتے ہوئے صدرمملکت کو اپنا استعفی پیش کرسکتے ہیں۔