لاہور : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ میمو گیٹ معاملہ درست ہے تو تحقیقات اوپرتک جانی چاہیے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ملک کو تباہ کردیا۔ عمران خان نے لندن سے واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر کیمرون منٹر،آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل شجاع پاشا سے ملاقات کی خبریں بے بنیاد ہیں اوراگر برطانوی اخبار نے ملاقات کی خبر کی تردید نہیں کی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عمران خان نے بتایا کہ کیمرون منٹر چھ ماہ قبل ملاقات کیلئے ان کی رہائشگاہ پرآئے تھے اور جنرل شجاع پاشا سے دہشتگردی کے حوالے سے ملاقات ہوئی تھی اور وہی واحد ملاقات ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی نرسری اورآئی ایس آئی کے پیدا کردہ رائیونڈ میں بیٹھے ہیں۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو کوئی دوسرا نقصان نہیں پہنچا رہا بلکہ وہ اپنے اوپرخودکش حملے کر رہے ہیں ،عمران خان نے میمو گیٹ کے حوالیسے کہا کہ حسین حقانی کا مستعفی ہونا درست ہے۔ اگر میمو کا معاملہ درست ہے تو یہ غداری ہے اور تحقیقات سپریم کورٹ کو کرنی چاہیے۔ عمران خان نے کہاکہ ن لیگ نے جھوٹ کے ریکارڈ توڑدیے ہیں اور ان پر جھوٹے الزمات کی بارش کررہی ہے۔ میاں برادران تحریک انصاف کے سونامی سے خوفزدہ ہیں، تحریک انصاف کے پچیس دسمبرکو ہونیوالے کراچی کے اجتماع میں پٹواریوں کو اکٹھا کرنے والوں کو بتائیں گے کہ جلسہ کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار نے قاضی حسین احمد کے سامنے کہا تھا کہ نواز شریف انتخابات میں شرکت نہیں کررہے۔ چوہدری نثار نے یقین دلایا تھا کہ اگر نواز شریف نے انتخابات میں حصہ لیا تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔