وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کو کسی اسکینڈل سے کوئی خطرہ نہیں اور اپوزیشن کا کام بنتا نظر نہیں آ رہا ، اس وقت تمام جماعتیں حکومت میں ہیں لیکن تنقید صرف پیپلزپارٹی پر ہی کی جاتی ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ بے جا تنقید سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ، موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ، آئندہ انتخابات میں صرف ایک سال کا عرصہ رہ گیا ہے اور اس میں بھی فتح پیپلزپارٹی کی ہی ہو گی۔ وزیراعظم نے سینیٹ انتخابات وقت پر ہونے سے متعلق نواز شریف کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت جمہوریت کے لئے مشکل ترین ہے اور اس میں حکومت کرنا آسان نہیں لیکن اس کے باوجود تمام جمہوری تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔