نواز شریف نے سختیوں کا مقابلہ نہیں کیا۔ کھوسہ

Latif Khosa

Latif Khosa

لاہور : گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے جیل جھیلی اور نہ سختیوں کا مقابلہ کیا، وہ عدلیہ کے سہارے اقتدار میں آنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ایوان اقبال لاہور میں پیپلز پارٹی کے پینتالیس ویں یوم تاسیس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک دن کے لئے بھی جیل میں نہیں رہ سکتے، وہ عوام کے دلوں پر راج نہیں کر سکتے۔ وہ پیپلز پارٹی کی جہد مسلسل سے بہت کچھ سیکھ سکتے تھے مگر ایسا نہ کر سکے۔ سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ میثاق جمہوریت کے بعد انہوں نے بے نطیر بھٹو کے ساتھ دھوکا کیا۔ وہ وردی والوں کے سائے میں آئے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف جھوٹ بولتے ہیں مگر عوام سب جانتے ہیں، وہ ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا نواز شریف پیپلز پارٹی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی فتح حاصل کرے گی اور پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی۔ تقریب سے ثمینہ خالد گھرکی، راجہ ریاض، سمیع اللہ خان اور امتیاز صفدر وڑائچ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ہلڑ بازی کی اور تمام وقت نعرے بازی کرتے رہے۔