بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر ویسٹ انڈیز کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں نروس نائنٹیز کا شکار ہوکرسنچریوں کی سنچری بنانے میں پھر ناکام ہوگئے۔ سچن ٹنڈولکر ٹیسٹ میچوں میں اکیاون اور ایک روزہ میچز میں اڑتالیس سنچریاں بناچکے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریوں کی سنچری مکمل کرنے کیلئے صرف ایک تھری فیگر اننگز درکارہے اور دنیا بھر میں پرستار سچن کی سوویں سنچری کے بے چینی سے منتظر ہیں۔ ماسٹر بیٹسمین ممبئی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں چورانوے رنز بناکر آئوٹ ہوگئے ۔اب انہیں انکے پرستاروں کو سوویں سنچری کیلئے مزید انتظارکرنا ہوگا۔ ماسٹر بیٹسمین نے ٹیسٹ کی آخری سنچری جنوری میں کیپ ٹائون میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنائی تھی۔آخری ون ڈے سنچری بھی جنوبی افریقہ ہی کے مقابل مارچ میں ناگپور میں اسکور کی تھی۔ بے مثال کیریئر میں سچن ٹنڈولکر ٹیسٹ ون ڈے میچوں میں اٹھائیس مرتبہ نروس نائنٹیز کا شکار بن چکے ہیں۔