نیٹو افواج کی جانب سے پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر حملے کے واقعات کا پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے متعلقہ حکام سے واقعہ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم گیلانی نے صدر زرداری، وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے معاملے پر صلاح مشورہ کیا۔ وزیراعظم گیلانی صورتحال کے پیش نظر اپنا دورہ ملتان مختصر کرکے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم نے دفتر خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیٹو حملے کے بارے میں تمام متعلقہ فورمز پر آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ حکمت عملی بھی وضع کریں۔ ذرائع کے مطابق آج رات سول اور عسکری قیادت کا اہم اجلاس متوقع ہے جس میں معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔