پاکستان نے دفاعی رابطہ کمیٹی کی جانب سے شمسی ائیر بیس خالی کرانے اور نیٹو سپلائی لائن بند کرنے سے متعلق فیصلوں سے امریکا کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا۔ وزیر خارجہ حنا ربانی نے اپنی امریکی ہم منصب ہیلری کلنٹن سے رابطہ کیا جس میں انہوں نے گزشتہ روز مہمند کے علاقے میں نیٹو ہیلی کاپٹرکے حملے میں شہید ہونے والے چوبیس پاکستانی فوجیوں کے بعد دفاعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ کوبتایا گیا کہ ایسے حملے پاکستانی خود مختاری کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے لہذا دفاعی کمیٹی نے نیٹو کی سپلائی لائن بند کرنے اور پندرہ دن کے اندر شمسی ائیر بیس خالی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایسے حملے کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے وزیر خارجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکی حکومت اس مسئلے کے خاتمے کے لئے پاکستانی حکومت کے ساتھ ملکر کام کرے گی۔