امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ انھوں نے پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر کو فون کرکے سے سانحہ مہمند ایجنسی پر تعزیت کی تھی اور انہیں امید ہے کہ پاکستان پانچ دسمبر کو ہونے والی بون کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ کوریا کے شہر بوسان میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اتوار کو اپنی پاکستانی ہم منصب کو فون کیا، اور امریکی عوا م کی جانب سے اس واقعہ پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔اور کہا کہ مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی کہ یہ واقعہ کن حالات میں پیش آیا۔ پاک افغان سرحد پر جو کچھ ہوا وہ اندوہناک واقعہ ہے۔دونوں ممالک کواس سانحے سے سبق حاصل کرنا چاہیے کیونکہ انہیں مستقبل میں مل کرکام کرتے رہنا ہے۔ ہیلری کلنٹن نے کہا کہ جنرل ڈمپسی، جنرل ایلن اور اسلام آباد میں امریکی سفیر کیمرون منٹر اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ قریبی رابطوں میں ہیں۔