پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کا ایک اہم اجلاس آج شام وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں اہم امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وائس چیئرمین وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کی۔ اجلاس میں نیٹو حملے مارچ میں ہونے والے سینیٹ کے انتخابات اور سرائیکی صوبے کے حوالے سے اب تک اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی سلامتی پر پارلیمانی کمیٹی کی حتمی تجاویز آنے کے فوری بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صدر آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے بعد سینیٹ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نیٹو حملوں کے خلاف حکومتی اقدامات کو بھرپور طور پر سراہا اور کہا کہ پارٹی رہنماں کو پاکستانی عوام کی خواہشات کی تکمیل کے لیے ہرممکن کوشش کرنی چاہیے۔