پاک فوج کے اعلی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ چھبیس نومبر کو مہمند ایجنسی میں واقع سلالہ چیک پوسٹوں پر نیٹو حملوں کے حوالے سے امریکا اور اتحادیوں کی تحقیقات میں پاک فوج شامل نہیں ہو گی۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اعلی فوجی ذرائع نے بتایا کہ پاک افغان سرحد پر چار کو آرڈینیشن سینٹرز ہیں ۔ ان میں سے دو سینٹرز سے فوجیوں کو مشاورت کے لیے بلایا گیا ہے۔ ذرائع نے واضح کیا کہ یہ پوسٹیں خالی نہیں کی گئی ہیں۔ اس بارے میں امریکی میڈیا میں آنے والی خبریں بالکل غلط ہیں۔ اس کے علاوہ پاک افغان سرحد پر کوآرڈینیشن سینٹرز کی تعداد چار سے بڑھا کر پانچ کی جارہی ہے۔ پاک فوج کے اعلی ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں بھی اس نوعیت کے حملوں پر ہونے والی تحقیقات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور اس مرتبہ بھی نیٹو تحقیقات سے کسی نتیجے کی امید نہیں ہے۔