بھارت نے چوتھے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو ایک سو تریپن رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں چار ایک ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔ اندور میں کھیلے جانے والے ڈے نائٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو شروع ہی سے سہواگ ویسٹ انڈین بالرز پر چھائے رہے اور انہوں نے صرف ایک سو اننچاس گیندوں پر پچیس چوکے اور سات چھکوں کی مدد سے ون ڈے کرکٹ کی دوسری ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل فروری دو ہزار دس میں بھارت ہی کے سچن ٹنڈولکر نے جنوبی افریقہ کے خلاف دو سو رنز ناٹ آٹ کی اننگز کھیلی تھی۔ سہواگ کی ڈبل سنچری کی بدولت بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں پر چار سو اٹھارہ رنز بنائے۔ ون ڈے کرکٹ میں یہ دسواں موقع ہے جب کسی ٹیم نے ایک اننگز میں چارسو رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے کمار رویچ ،اندرے روسل ،کیرون پولارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز چار سو اٹھارہ رنز کے پہاڑ جیسے اسکور کے تعاقب میں شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور دوسرے ہی اوور میں کیرون پاول آٹ ہو گئے جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم اننچاس اعشاریہ دو اوور میں دوسو پینسٹھ رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے دنیش رام دین نے چھیانوے ،سیمنز نے چھتیس ، سیموئل نے تینتیس رنز اسکور کئے جبکہ بھارت کی طرف سے جدیجا اور شرما نے تین تین، رائنا نے دو اور ایش ون نے ایک وکٹ حاصل کی۔