روس میں عام انتخابات کے نتائج میں دھاندلی کے خلاف ماسکو سمیت ملک کے دیگر شہروں میں عوام سڑکوں پر آگئے اور احتجاج کیا۔ روس میں انتخابی دھاندلی کے خلاف ماسکو سمیت روس کے پندرہ شہروں میں عوام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ احتجاج کرتے نظر آرہے ہیں۔ روس کے سابق صدر گورباچوف اور امریکہ کی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن بھی روس میں انتخابی عمل میں دھاندلی کا عندیہ دے چکے ہیں،امریکا نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں دوبارہ منصفانہ انتخابات کراکرعوام کی رائے کا احترام کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں ولادی میر پوٹن کی جماعت یونائیٹد رشیا کو ایوان میں اکثریت حاصل کرنے کااعلان کیا تھا۔ جسے روس کی تمام اپوزیشن جماعتوں سمیت عوام نے ماننے سے انکار کردیا۔ دھاندلی کے انکشاف کے بعد روس میں دوبارہ انتخاب کرانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا اور ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر آگئے۔