برطانوی باکسر عامر خان کو امریکی چیلنجر لیمونٹ پیٹرسن نے پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دیکر ڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف ٹائٹل سے محروم کردیا۔ عامر خان نے ریفریز کا فیصلہ جانبدارانہ قرار دیتے ہوئے دوبارہ میچ کا مطالبہ کردیا۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے کنونشن سینٹر میں برطانوی باکسر عامر خان اور میزبان ملک کے کھلاڑی لیمونٹ پیٹرسن کے درمیان لائٹ ویلٹر ویٹ چیمپیئن شپ کی ٹائٹل فائٹ لڑی گئی۔ دونوں باکسرز نے ایک دوسرے کو ناک آوٹ کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں لیکن سخت مقابلے کے بعد بھی بارہویں راونڈ تک فائٹ کا فیصلہ سامنے نہ آسکا۔ تین ریفریز پر مشتمل پینل نے دو ایک پوائنٹس کے فرق سے لیمونٹ پیٹرسن کو نیا لائٹ ویلٹر ویٹ چیمپیئن قرار دے دیا ۔ عامر خان کو ڈبلیو بی اے ٹائٹل سمیت آئی بی ایف بیلٹ سے محروم ہونا پڑا ہے وہ مسلسل پانچ مرتبہ ڈبلیو بی اے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ پچیس سالہ برطانوی باکسر کو کیرئیر میں دوسری مرتبہ شکست کا سامنا کرناپڑا ہے۔ دو ہزار آٹھ میں عامر خان کو کولمبیا کے بریڈس پریسکوٹ نے ناک آوٹ کیا تھا۔ عامر خان نے انٹرویو میں کہا کہ میچ ریفریز نے ہم وطن کھلاڑی کے حق میں فیصلہ سنایا ہے جس پر انھیں افسوس ہے، وہ بیک وقت باکسر اور ریفری سے لڑ رہے تھے ۔ چیمپیئن لیمونٹ پیٹرسن نے کہا کہ وہ عامر خان سے دوبارہ لڑنے کو تیار ہیں۔ مقابلہ اچھا ثابت ہوا اور دوبارہ سامنے کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتا ہوں، اس فتح سے بائیس سالہ پرانا خواب پورا ہو گیا ہے۔