امریکن ہاسپٹل دبئی نے صدر آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے آج ایک بلیٹن جاری کیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق صدر جمعرات کو اسپتال سے ڈسچارج ہوکر گھر منتقل ہوجائیں گے۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر کے معالج ڈاکٹر خلدون طاہا نے بتایا ہے کہ صدرآصف زرداری کے تمام ٹیسٹ نارمل رینج میں ہیں اور ان کو جمعرات کو اسپتال سے گھر منتقل کردیا جائے گا۔ ڈاکٹروں کے مطابق صدر گھر میں آرام کے ساتھ عارضہ قلب کی معمول کی ادویات جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب صدر آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے جاری بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ صدر پاکستان چھ دسمبر دو ہزار گیارہ کو بائیں ہاتھ کے سن ہونے، جسمانی پٹھوں کی غیرمعمولی حرکت اور چند لمحوں کی نیم بے ہوشی کی شکایت کے ساتھ اسپتال کی ایمرجنسی روم میں لائے گئے تھے تاہم ایمرجنسی روم پہنچنے پر صدر مکمل طور پر بیدار اور ان کے جسمانی وائٹلز مستحکم تھے۔ چونکہ وہ صدر زرادری عارضہ قلب میں پہلے سے مبتلا تھے ۔ اس لیے ان کو انتہائی نگہداشت میں رکھ کر خون اور ریڈیولوجی سے متعلق متعدد ٹیسٹ کیے گئے جن کے رزلٹ نارمل رینج میں رہے۔