لاہور : گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ میمو کے معاملے پر وزیر اعظم کا جواب ہی صدر کا جواب ہے، فوج بھی براہ راست میمو کا جواب دینے کی پابند نہیں۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں سیمینار کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ میمو گیٹ پر دنیا ہمارا مذاق اڑا رہی ہے، نواز شریف کو سپریم کورٹ نہیں جانا چاہئیے تھا۔ پارلیمان کا کام پارلیمان اور عدالتیں اپنا کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اور کوئی حکومت ہوتی تو ایسے حالات میں بہت پہلے گرچکی ہوتی، افواہوں کی فیکٹریوں کو اب ختم ہونا چاہئیے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے اعصاب بہت مضبوط ہیں، وہ پورے شعور میں ہیں، اور مستعد ہیں، اور وہ اسی ماہ واپس آکر فرائض سرانجام دینگے۔