اسلام آباد : مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ میمو معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا، آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پاشا کے عرب حکمرانوں سے رابطے کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے، نظام کو کوئی خطرہ نہیں اور نہ ہی کوئی آرہا ہے۔اسلام آباد میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ میمو اور آئی ایس آئی کے سربراہ کے معاملے کی تحقیقات سپریم کورٹ ہی کرے گی، ہم اس حوالے سے سپریم کورٹ کو کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پاشا کے استعفے سے بھی کچھ نہیں ہوگا معاملہ حساس نوعیت کا ہے۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ مسلم لیگ ق واحد سیاسی جماعت ہے جس کے اندر جمہوریت ہے اور ہر مسلک کے تہوار خوش دلی سے مناتی ہے۔ پاکستان بنانے میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ اقلیتوں نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس موقع پر قاف لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا کہ قائداعظم نے بھی یہی کہا تھا کہ پاکستان سب کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب اور مسلمانوں کے درمیان کشیدگی کی بجائے امن و آشتی کا رشتہ قائم رہنا چاہیے تاکہ مستقبل میں نظام بہتر انداز سے چل سکے۔