اقتصادی پابندیوں کا اثر یا پالیسی میں تبدیلی جو بھی ہو ایران نے معائنہ کاروں کو جوہری تنصیبات کے معائنے کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی میں ایران کے سفیر علی اصغر سلطانی نے اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو ملک آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ معائنہ کار جنوری کے پہلے ہفتے میں ایران کادورہ کریں گے۔ علی اصغر سلطانی کے مطابق توانائی ایجنسی کے اعلی حکام سے دورے کی تمام تفصیلات طے کی جاچکی ہیں اور ایران ان سے مکمل رابطے میں ہے۔ یورپ کے سفارتی ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ ایران نے اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو اپنی جوہری تنصیبات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔