ملک بھرمیں سال نو کا جشن منایا گیا،کراچی میں کلفٹن کے ساحل پر نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر بابر غوری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ کراچی میں سال نو کے استقبال کے لیے نوجوانوں نے ساحل سمندر کا رخ کیا مگر پولیس ان کی راہ کی دیوار بن گئی ، پولیس نے سی وی اور کلفٹن جانے والے راستے کنٹینرز رکھ کر بند کیے تھے۔ مگر یہ تمام اقدامات منچلے نوجوانوں کو ساحل سمندر پر جانے سے نہ روک سکے۔ ساحل سمندر پر سال نو کے استقبال کی تقریب کا اہتمام پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر بابر غوری نے کہا کہ کراچی کے ساحل پر نئے سال کے موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ کر کے پو ری دنیا کو پیغام دیاہے کہ پاکستانی بھی زندہ دل قوم ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ پاکستان امن کا گہوراہ بنے اور ملک میں دہشت گردی کی فضا ختم ہو ۔ نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی زندہ دلان لاہور شہر کی مختلف شاہراہوں مال روڈ، لبرٹی چوک، مین بولیوارڈ میں جوق در جوق جمع ہونا شروع ہوگئے۔ لوگوں کی بڑی تعداد ڈھول کی دھاپ پر رقص کرتی رہی۔ لوگوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور گل پاشی کی۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ دو ہزار بارہ ان کے لئے خوشیاں لے کر آئے لوگوں نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی۔ اس موقع پر کچھ منچلے نوجوانوں نے ہلڑ بازی کرتے ہوئے مین بولیوارڈ کو بلاک کردیا اس موقع پر گاڑیوں پر پتھرا اور ڈنڈوں سے گاڑیوں کے شیشے توڑنے کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ شہریوں نے اس واقعے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوشیوں کے لمحات کو سب کے ساتھ مل جل کر بانٹنا چاہئے۔ اس موقع پر شہر میں امن و امان کی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کے آٹھ ہزار جوان تعینات کئے گئے تھے۔ نئے سال کی آمد کے موقع پر ملتان کے کینٹ بازار چوک میں سیکڑوں نوجوانوں نے ہلہ گلہ کیا مختلف گانوں پر نوجوان والہانا رقص کرتے رہے اورآتش بازی بھی کی گئی۔ نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لئے کیک بھی کاٹا گیا ۔ نوجوانوں کے جشن کے باعث کینٹ میں گھنٹوں ٹریفک جام رہا ۔ ملتان میں ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف پولیس کی سخت حکمت عملی دیکھنے میں آئی ۔ جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار منچلوں اور پولیس میں آنکھ مچولی جاری رہی۔ اس موقع پر نوجوانوں نے نئے سال میں ملک میں خوشحالی ، امن و استحکام اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔