سپریم کورٹ میں بھٹو ریفرنس کیس کے دوران وفاق کے وکیل بابر اعوان کی گزشتہ روز کی میڈیا سے گفتگو کی ویڈیو کمرہ عدالت میں دکھائی گئی۔ بابر اعوان کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔ بھٹو ریفرنس کیس کے دوران عدالت نے بابر اعوان کی میڈیا سے گفتگو پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دئیے کہ بابر اعوان اس عمل کی وضاحت کریں کہ الفاظ تضحیک آمیز ہیں کیوں نہ لائسنس منسوخ کر دیا جائے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ عزت افتخار محمد چوہدری کی نہیں سپریم کورٹ کی ہونی چاہیے۔ سپریم کورٹ نے بابر اعوان کو ایک بار پھر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے اس نوٹس کا جواب نو جنوری سے پہلے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔