میمو کمیشن نے حکومت کو پاکستان آنے کے لیے ویزہ جاری کرنے کی ہدایت کردی، منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ کا کہنا ہے کہ منصور اعجاز سولہ جنوری کو پاکستان پہنچ جائیں گے۔ میمو کمیشن کی آج کی کارروائی کے اختتام پر منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ میمو کمیشن نے منصور اعجاز کو ویزہ دینے کے لیے حکومت کو احکامات جاری کردیے ہیں۔ منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ نے کمیشن کو درخواست دی کہ منصور اعجاز کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں لہذا انہیں فوج کی کی سیکورٹی فراہم کی جائے جس پر کمیشن نے پاک فوج کو حکم دیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے علاوہ پاک فوج کا دستہ بھی منصور اعجاز کو سیکورٹی فراہم کرے گا۔ کمیشن نے یہ حکم بھی دیا کہ منصور اعجاز کے خلاف پاکستان میں کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے سپریم کورٹ کی پیشگی اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگی۔ اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ منصور اعجاز کو وفاق کی سیکورٹی پر نہیں چھوڑا جاسکتا کیونکہ وہ وفاق کے خلاف گواہی دینے آ رہے ہیں۔