شاہ مردان شاہ المعروف پیر صاحب پگارا حروں کے روحانی پیشوا کا جسد خاکی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پیرجوگوٹھ پہنچا دیا گیا ہے۔ جہاں آج سہ پہر انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔ ان کی تدفین کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ پیر پگارا کاجسد خاکی آج صبح چھ بجے پی آئی اے کی پرواز سیون ڈبل ایٹ کے ذریعے لندن سے کراچی لایاگیا۔ جسد خاکی کے ہمراہ پیر پگارا کے صاحبزادے پیر صبغت اللہ شاہ، پیر صدرالدین شاہ ، امتیاز شیخ ، جام منگریو سمیت دیگر رہنما کراچی پہنچے۔ جناح ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر پیر پگارا کی میت کے ساتھ آنے والوں کی امیگریشن کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ۔ پیر پگارا کے جسد خاکی کو ٹرمینل ون سے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے سکھر روانہ کیاگیا۔ خراب موسم کے باعث طیارہ پہلے جیکب آباد اتارا گیا۔ موسم بہتر ہونے پر طیارے کو سکھر روانہ کیاگیا۔ بعد ازاں ان کی میت کو سکھر سے بذریعہ ہیلی کاپٹر پیرجوگوٹھ لے جایا گیا ہے۔ جہاں آج سہ پہر ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ دوسری جانب پیرجوگوٹھ میں نئے پیرپگارا کے انتخاب کیلیے اجلاس جاری ہے جس میں چیف خلیفہ سمیت پندرہ خلفا شریک ہیں۔ پیر صاحب پگارا کے چار صاحبزادے ہیں، پیر صبغت اللہ، پیر صدر الدین، علی گوہر شاہ اور حزب اللہ ۔ پیرپگارا منگل کی شب حرکت قلب بند ہوجانے سے لندن کے ولنگٹن اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ چوبیس نومبر سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ انہیں پانچ جنوری کو لندن کے ولنگٹن اسپتال لے جایاگیا تاہم دس جنوری کی رات پڑنے والا دل کا دورہ ان کے لئے جان لیوا ثابت ہوا۔ پیرپگارا کی میت ہیتھرو ایئرپورٹ لائی گئی تو بڑے صاحبزادے پیر صبغت اللہ شاہ ، پیر صدرالدین شاہ ، فنکشنل لیگ کے امتیاز شیخ ، پاکستان کے برطانیہ میں ہائی کمشنر واجد شمس الحسن، فنکشنل لیگ کے جادم منگریو اور جام معشوق علی موجود تھے۔ ادھر مردان شاہ کے مرید اور عقیدت مند شدت غم سے نڈھال ہیں۔ ہزاروں مرید پیرجوگوٹھ میں آخری دیدار کیلیے جمع ہیں۔ ملک بھر کے سیاسی رہنماں کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت متوقع ہے۔ پیر صاحب پگارا کے انتقال پر سندھ میں تین روزہ سوگ ہے۔ آج پیرپگارا کے جنازہ کے موقع پر سندھ میں عام تعطیل ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل نے تیس دن کے لیے تنظیمی سرگرمیاں معطل اور چالیس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہوا ہے۔