ڈی آئی خان: ڈی پی او آفس حملہ،4افراد جاں بحق

Dera Ismail Khan

Dera Ismail Khan

ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی پی او آفس پر خودکش حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چارافراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس مقابلے میں تین دہشتگرد مارے گئے اور ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔ فورسز نے علاقے کو کلیئر کرالیا ہے۔
پولیس کی وردی پہنے دہشتگردوں نے ڈی پی او آفس پر دستی بموں سے حملے کئے۔ اس دوران ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ جس کے بعد مزید چھ دھماکے کئے گئے اور حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ ہوئی۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پہنچ گئی۔ ڈی پی او آفس کے قریب سرکاری دفاتر اور انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت بھی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں کی تعداد دس سے زائد تھی۔ صوبائی وزیراطلاعات میاں افتخار حسین نے  بتایا ڈی پی او محفوظ ہیں ، انہیں بکتر بند کے ذریعے باہر نکال لیا گیا ہے۔ حملے کے بعد انتظامیہ کی مدد کیلئے پاک فوج کے دستے بھی پہنچ گئے۔ ریسکیو آپریشن میں پانچ افراد کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔ تین پولیس اہلکار زخمی ہیں۔ گرفتار دہشتگرد کے بارے میں بتایا گیا ہے وہ مقامی ہے ۔ لیکن سرکاری ذرائع نے اب تک شناخت کی تصدیق نہیں کی۔