اقوام متحدہ کے انسداد منشیات کے ادارے یواین اوڈی سی نے پاکستان کے مایہ ناز آل رانڈر شاہد آفریدی کو خیرسگالی کا سفیر مقرر کیا ہے۔ کھیل کے میدان میں شاندار خدمات کے اعتراف میں آفریدی کو اقوام متحدہ کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستان میں یواین او ڈی سی کے نمائندے جرمی ڈگلس نے شاہد آفریدی کی تقرری کے بارے میں بتایاکہ وہ بے مثال کارکردگی کی وجہ سے نوجوانوں کے رول ماڈل ہیں اور منشیات کے خاتمے کی مہم میں وہ موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ شاہد آفریدی نے دوسال کیلئے اقوام متحدہ کا منصب قبول کرتے ہوئے کہاکہ منشیات نوجوان کی زندگی تباہ کر دیتی ہے۔انہیں منشیات سے سخت نفرت ہے اور وہ اس کے خاتمے کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔