لاہور کے میو اسپتال میں دوا کے ری ایکشن سے ایک اور مریضہ جاں بحق ہو گئی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد چوہتر ہو گئی ہے۔ متاثر ین کی بڑی تعداد اب بھی زیر علاج ہے۔ لاہور میں شادمان پولیس نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ناقص ادویات کے ری ایکشن پر دوا ساز کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ شادمان پولیس کے مطابق چوبیس جنوری کو ذرائع سے اطلاع ملی کے پنجاب کے مختلف اسپتالوں میں کچھ لوگ ادویات کے ری ایکشن سے جاں بحق ہوئے جس کا ریکارڈ چیک کرنے پر اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ پی آئی سی میں جو افراد دل کے عارضے میں مبتلا تھے وہ ان دوائیوں کے ری ایکشن سے جاں بحق ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو تمام معاملات کا جائزہ لے گی۔