امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں مستحکم جمہوریت کا خواہاں ہے۔ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت میں مذاکرات خوش آئند ہیں۔ واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ میں وکٹوریہ نولینڈ کا کہنا تھا کہ امریکہ طالبان کے ساتھ مصالحتی عمل میں پاکستان کو پوری طرح شامل رکھنے کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن پاکستان میں جمہوریت کی بالادستی اور سولین حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان کے سیاسی حالات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلقات کی بحالی آسان نہیں تاہم ان کا ملک پاکستان کا انتظار کررہا ہے کہ وہ کب دوبارہ مذاکرات کا آغاز کرتا ہے۔