پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذ کا اشرف کا کہنا ہے کہ ماضی کے قیصوں کو بھول کر یہ وقت ٹیم کی موجودہ شاندار کارکردگی کو سراہنے کا ہے۔ذکا اشرف نے کہا کہ سپاٹ فکسنگ کا بار بار تذکرہ کرنے سے پاکستانی ٹیم کا مورال گرانے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن یہ ایک ایسا حادثہ تھا جو ہوچکا اور جو اس میں ملوث تھے انہیں ان کے کیے کی سزا مل چکی اب ہمیں حال اور مستقبل کی بات کرنی چاہیے۔ذکا اشرف نے کہا کہ عالمی نمبر ایک ٹیم کے خلاف مسلسل دو ٹیسٹ میچز جیتنا پاکستانی ٹیم کا کارنامہ ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ کھلاڑی مینجمنٹ اور کرکٹ بورڈ کی توجہ صرف اور صرف کھیل اور کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی شک نہیں کہ جس طرح ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں متحد ہوکر کھیل رہی ہے وہ آئندہ بھی جیت سے ہمکنار ہوگی۔بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے دور پاکستان کے بارے میں سوال پر ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ یہ دورہ آئی سی سی کے طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگا اور پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بنگلہ دیشی حکام بھی جلد آنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ بنگلہ دیشی ٹیم کی مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی پہلے ہی کراچکی ہے اور بنگلہ دیش نے جس قسم کی سکیورٹی کی خواہش ظاہر کی وہ انہیں فراہم کی جائے گی۔