متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کے جان اور مال کا تحفظ نہیں کر رہی۔ کراچی کے حالات منصوبہ بندی کے تحت خراب کیے جارہے ہیں۔ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپررابطہ کمیٹی کے اجلاس سے فون پر خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ وہ کئی برسوں سے آگاہ کرتے رہے ہیں کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کراچی کو مسلح دہشت گردوں کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہے کہ حکومت اور انتظامیہ نے ان کی باتوں پرسنجیدگی سینہیں لیا۔ الطا ف حسین نے کہا کہ شہر میں دہشت گردی کے یہ واقعات تسلسل کے ساتھ ہورہے ہیں اورحکومت وانتظامیہ ان واقعات کی روک تھام اورشہریوں کوجان ومال کا تحفظ فراہم نہیں کرپارہی ہے لہذا شہریوں کے پاس اب اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ وہ سرجوڑ کر بیٹھیں اور اپنی جان ومال کے تحفظ کا بوجھ سنبھالنے کیلئے خود تیار ہو جائیں۔ الطاف حسین نے کراچی کیشہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن عامہ قائم کرنے اوراپنے شہرکی گلیوں، بازاروں، دکانوں کومسلح حملہ آوروں اور دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے کیلئے خودمیدان عمل میں آ ئیں۔