تحریک انصاف چور دروازے سے اقتدار میں نہیں آنا چاہتی :شاہ محمود قریشی
Posted on February 8, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف چور دروازے سے اقتدار میں نہیں آنا چاہتی ، بلکہ پاکستان کی بقا اور غریب کی بقا عمران خان کو اسلام آباد کے راستے پر لا رہی ہے ، اور عمران خان وراثت کی سیاست کے قائل نہیں ہے ، وہ اپنی جماعت میں جمہوری قدروں کو رائج کرنا چاہتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چوہدری اختر حسین جوڑا کی رہائشگاہ پر بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر PTIکے دیگر عہدیداران بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ، جلسہ کا اہتمام سابق ایم پی اے چوہدری سرور جوڑا کے صاحبزادے چوہدری سلیم سرور جوڑا نے کیا تھا ، شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت ملک کو بچانے کیلئے میدان میں آئے ہیں ، پاکستان کے عوام بھرپور ساتھ دے رہے ہیں ، عمران خان پاکستان کو ایسی قیادت فراہم کرنا چاہتے ہیں جو کہ ملک کی خود مختاری کا سودا نہ کرے اور نہ ہی امریکہ کے آگے اپنی نظریں نیچی کرے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ایسی قیادت کی ضرورت نہیں ہے جو کہ IMFکے قرضوں کی خاطر عوام کا جینا دو بھر کرے پاکستان کے عوام کو ایسی قیادت کی ضرور ت ہے ، جو کہ ان کے مسائل کو حل کرے ، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضلع گجرات سیاست کے حوالہ سے بہت اہم شہر ہے یہاں کی سیاست کو ملکی سیاست میں ایک خاص مقام بھی حاصل رہا ہے ، مگر ہم آج گجرات کو فتح کرنے آئے ہیں ، انشاء اللہ آئندہ الیکشن میں نتائج ضرور تبدیل ہونگے ، انہوں نے کہا کہ PIAکی آج کیفیت کیا ہے ، چوہدری احمد مختار نے PIAکو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ، ملکی خزانہ لوٹا جا رہا ہے ، ہم آزاد عدلیہ کے داعی ہیں جمہوریت اور آزاد عدلیہ لازم ملزوم ہیں ، اگر پاکستان کے عوام انصاف چاہتے ہیں تو وہ عدلیہ سے توقع نہ کرو وہ احتساب اب صرف عوام نے کرنا ہے وہ ایسی صورت میں ہو گا ، جب عمران خان اقتدار میں آئے گا ، انہوں نے کہا کہ کچھ سیاستدانوں کا مخصوص طبقہ اربوں روپے لوٹ کر بیروزن ملک منتقل کر رہا ہے ، ان کو روکنے والا کوئی نہیں ہے ، ملکی خزانہ کم ہو رہا ہے اور چند افراد کی تجوریاں بھر رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی مقبولیت دن بدن گر رہی ہے ، جس جماعت نے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ لگا کر اقتدار حاصل کیا ، اب وہ جماعت مصلت کا شکار ہو گئی ہے ، اب پاکستان کے عوام نے عمران خان کی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے ، جب گجرات کے عوام اپنا فیصلہ سنائی گی تو اس کے اثرات پورے پنجاب میں نہیں بلکہ پاکستان میں پھیل جائیں گے ، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کارکن وعدہ کریں کہ ضلع گجرات کی 117یونین کونسلوں میں پی ٹی آئی کی تنظیم کریں گے اور PTIکو ضلع گجرات کا قلعہ بنائیں گے ۔