صدر آصف زرداری اور وزیراعظم کی مشترکہ سربراہی میں ہونے والے پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں تازہ ترین صورتحال اور ملک کو درپیش چیلنجز سے باہر نکالنے سے متعلق حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اور پارٹی کی سنیئرقیادت نے شرکت کی۔ ان میں سیدنیئر بخاری، مخدوم امین فہیم، چوہدری احمد مختار، رحمان ملک، میاں احمد منظورووٹو، خورشید شاہ، احمد شاہ، مخدوم شہاب الدین ، سیدنویدقمر، بابراعوان ، میاں رضاربانی، نذرمحمدگوندل، قمرزمان کائرہ اوردیگرشریک تھے۔ وزیراعظم نے اجلا س کو اپنے دورہ قطر کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اجلاس نے قطر کے ساتھ ایل این جی کے معاہدے کو سراہا اور وزیراعظم گیلانی کو مبارکباد دی۔ اجلاس کی جانب سے وزیراعظم گیلانی کوعام آدمی کے مفاد میں فوری اقدامات کرنیکی تجویزدی گئی۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت تمام اہم ملکی معاملات کو مزاکرات اور مصالحت کے ذریعے حل کرنے پریقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے اجلاس کوپارلیمنٹ میں ہونیوالی آئندہ قانون سازی اور حکومت کی مفاہمتی حکمت عملی کی پالیسی سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں اتحادی جماعتوں سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوااورحکومت کواتحادی جماعتوں کی جانب سے حمایت کے اقدام کاخیرمقدم کیاگیا۔ اجلاس نے صدر اور وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔