بلوچستان کے علاقے بختیار آباد میں مظاہرین پر فائرنگ کے الزام میں مقامی لیویز نے سیکورٹی فورسز کے آٹھ اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بختیار آباد لیویز نے سیکورٹی فورسز کے ان آٹھ اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا ہے جن کی مبینہ فائرنگ سے ایک ہفتہ قبل بختیارآباد کے علاقے لہڑی کے مقام پر دوافراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے تھے۔
مقدمہ ہلاک ہونے والے ایک نوجوان احمد خان کے چچا امام بخش کی مدعیت میں درج ہوا ہے۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ دوگاڑیوں میں سوار سیکورٹی فورسز کے آٹھ اہلکاروں نے احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کی تھی تاہم مدعی نے ایف آئی آر میں کسی شخص کا نام شامل نہیں لیا ہے۔