بھارتی وزیر تجارت آنند شرما نے اپنے دورہ پاکستان کو نہایت اہم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ تجارت کے فروغ سے دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
لاہور میں بھارتی مصنوعات کی نمائش کے دورے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلقات کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔ انھوں نے پاکستانی تاجروں کو بھارت میں ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انھوں نے لاہور اور امرتسر کو جڑواں شہر قرار دیتے ہوئے دونوں شہروں کے باشندوں میں بھائی چارے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم نے اس موقع پر بھارتی تاجروں کو پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی۔ تقریب کے اختتام پر کلاسیکی رقص کتھک بھی پیش کیاگیا۔