کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنار میں میں بم دھماکے سے دس افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دھماکا پارا چنار کے مرکزی بازار میں مسجد کے باہر کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت جمعے کی ادائیگی کے بعد نمازی مسجد سے باہر آ رہے تھے۔ خوفناک دھماکے کے باعث ہر طرف گرد و غبار کے بادل نظر آئے۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
مقامی ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پاراچنار کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مسجد کے باہر خودکش حملہ کیا گیا۔